بھٹکل:یکم اپریل (ایس اؤنیوز)شہر بھٹکل میں ہندو، مسلم ، عیسائی کے درمیان بھائی چارگی ، آپسی اعتماد ، پیار ومحبت کو باقی رکھتے ہوئے شہر کو پرامن برقرار رکھنے اور اس میں مزید استحکام اور مضبوطی پیدا کرنے کی غرض اور اہم مقاصد کو لے کر شہر کی کچھ اہم و معزز ہندو، مسلم اور عیسائی شخصیات پر مشتمل بھٹکل سدبھاؤنا منچ (بھٹکل خیر سگالی منچ ) کی تشکیل کی گئی ہے ، جس کا افتتاحی پروگرام اور خیر سگالی اجلاس 2اپریل کی شام 7بجے بندرروڈ پر واقع رائیل اوک ہوٹل میں منعقد ہونے کی اطلاع امن وانسانیت مہم کے کنونیر ایم آر مانوی اور اترکنڑا ضلع استقبالیہ کمیٹی کے صدر طلحہ سدی باپا نے پریس ریلیز کے ذریعے دی ہے۔
افتتاحی پروگرام میں کنڑا کے مشہور و معروف اخبار کراولی منجاؤ کے مدیر اعلیٰ اورروشن خیال مفکر گنگادھر ہیرے گتی ، وکیل وکٹر گومس مہمان خصوصی اور اعزازی مہمان کے طورپر اسسٹنٹ کمشنر ایم این منجوناتھ ، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی ندوی شرکت کریں گے۔ جب کہ ریاستی سدبھاؤنا منچ کے معاون ناظم اکبرعلی اُڈپی پروگرام کی صدارت کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ کچھ ماہ پہلے جماعت اسلامی ہند کی طرف سے ملک گیر سطح پر ’’ امن و انسانیت ‘‘ مہم منائی گئی تھی، سدبھاؤنا منچ اسی مہم کی ایک کڑی ہے، اس کی مزید جدوجہد ہنوز جاری رہنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
اسی پروگرام میں آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن بھٹکل کی طرف سے ضلعی سطح پر ’’ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ‘‘ کی معلمانہ صفات پر مضمون نویسی مقابلے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع کے کافی اساتذہ کرام نے حصہ لیا تھا، اس مقابلے میں انعام پانے والے اساتذہ کو اور تما م مساہمین کو پروگرام میں نقد رقم اور سند کے انعامات سے نوازے جانے کی اطلاع بھی پریس ریلیز کے ذریعے دی گئی ہے۔